بارسلونا،19اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہسپانیہ میں جمعرات کی شام ہونے والے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 14افراد ہلاک اور 120سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ بارسلونا کے ایک گنجان آباد علاقے میں درمیانے حجم کی ایک کارگو وین نے پیدل چلنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو روند ڈالا۔ اس کارروائی کے ساتھ ہی گزشتہ دو برسوں میں یورپ کے مختلف ممالک میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والے افراد کی مجموعی تعداد 364ہو چکی ہے جب کہ اس دوران ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔ ان کارروائیوں کے سبب متاثرہ ممالک کو بھاری مالی نقصان بھی ہوا اور کئی اہم تاریخی مقامات کو نقصان پہنچا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں براعظم یورپ میں 17دہشت گرد حملے دیکھنے میں آئے۔ ان حملوں میں 364افراد کی جان جانے کے علاوہ ہزاروں زخمی ہوئے۔اخبار کا کہنا ہے کہ بارسلونا حملے سے پہلے تک یورپ میں ہونے والے 16حملے کسی طور بھی اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب نہ ہوئے۔ ان کارروائیوں کا مقصد لوگوں کو اپنی معمول کی زندگی سے دُور کرنا تھا مگر ہر کارروائی کے بعد لوگ دہشت گردی کے خلاف پہلے سے زیادہ پُرعزم طور پر زندگی کی جانب لوٹے۔جرائم اور دہشت گردی کے حوالے سے یورپی یونین کے 28ممالک کی مدد کے لیے مختص تنظیم ”یوروپول“کے مطابق برطانوی باشندوں کو کئی دہائیوں سے سب سے زیادہ خطرے کا سامنا ہے۔